اپریل کے وسط تک کپاس کی کاشت میں بہتری کی توقعات، رپورٹ

اپریل کے وسط تک کپاس کی کاشت میں بہتری کی توقعات، رپورٹ

اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ (ای پی بی ڈی) کی نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے وسط تک کپاس کی کاشت میں بہتر پیداوار کی توقعات ہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ کپاس کی فصل کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچانے کے لیے اس کی بروقت کاشت ضروری ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ کپاس کی دیر سے بوائی موسمیاتی اثرات اور گلابی سنڈی کے حملوں کا باعث بن سکتی ہے، جو فی ایکڑ پیداوار پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔ ای پی بی ڈی کے مطابق، اگر کپاس کی بوائی 15 اپریل تک کی جائے، تو پیداوار میں 14 سے 35 فیصد تک اضافہ ممکن ہے، جس سے کسانوں کو مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔

ای پی بی ڈی نے مزید کہا کہ کپاس کی بروقت کاشت سے کسان ایک ایکڑ پر ڈیڑھ لاکھ روپے تک منافع کما سکتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی طرف سے کپاس کی بروقت کاشت کے لیے 25 ہزار روپے کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا گیا ہے، جس سے کسانوں کو حوصلہ ملے گا۔

ای پی بی ڈی کی رپورٹ کے مطابق، کپاس کی بہتر پیداوار نہ صرف ملک کی معاشی ترقی کے لیے اہم ہے بلکہ یہ روزگار میں بھی اضافہ کر سکتی ہے اور غربت میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --