لاہور بلوز نے  نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

لاہور بلوز نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

لاہور بلوز نے حسین طلعت کی قیادت میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا۔جمعرات کو اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں اس نے افتخار احمد کی قیادت میں پشاور کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔اس میچ کی خاص بات لاہور بلوز کے بائیں ہاتھ کے تیز بولر محمد سلمان مرزا کی عمدہ بولنگ تھی جنہوں نے صرف 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔پشاور نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز اسکور کیے۔

پشاور کی امیدیں صاحبزادہ فرحان سے وابستہ تھیں جو اس ٹورنامنٹ میں تین سنچریاں اسکور کرچکے تھے تاہم فائنل میں وہ ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے نتیجے میں پشاور کی ٹیم بڑا اسکور کرنے سے قاصر رہی۔کپتان افتخار احمد دو چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ وکٹ کیپر ذوالکفل نے32 رنز کی اننگز کھیلی۔

محمد سلمان مرزا نے 4 اوورز میں صرف 21 رنز دے کر4 وکٹیں حاصل کیں۔محمد عرفان نے دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔لاہور بلوز نے جیت کے لیے درکار111 رنز کا ہدف 16 اوورز میں عمران بٹ کی وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عمرصدیق نے6 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے64 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔جنید علی30 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پلیئر آف دی میچ ایوارڈ محمد سلمان مرزا نے حاصل کیا۔ٹورنامنٹ میں 121 کی اوسط سے605 رنز بنانے والے صاحبزادہ فرحان ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔سیالکوٹ کے حسن علی13 وکٹوں کے ساتھ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر قرار پائے۔لاہور وائٹس کے محمد اخلاق ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔انہوں نے ٹورنامنٹ میں114 رنز اسکور کرنے کے علاوہ 4 کیچز اور 2 اسٹمپڈ کیے

-- مزید آگے پہنچایے --