محفوظ شہید کینال، جوکہ دریائے ستلج پر بنائی جارہی ہے، پاکستان میں غذائی تحفظ کیلئے وقت کی اہم ضرورت ہے۔سلیمانکی ہیڈ ورکس سے نکلنے والی یہ نہر خصوصی طور پر دریائے ستلج اور پانی کی تقسیم کے معاہدے 1991کے تحت پنجاب کے حصے کا پانی استعمال کرے گی۔ یہ ایک موسمی نہر ہے جو اضافی سیلابی پانی استعمال کرے گی۔ یہ نہر دریائے سندھ سے پانی نہیں لے گی۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی نے تمام صوبوں کی نمائندگی کے ساتھ اس منصوبے کی منظوری دی ہے۔
محفوظ شہید کینال پنجاب حکومت کا منصوبہ ہے جس کیلئے صوبائی حکومت نے 12 لاکھ ایکڑ اراضی فراہم کی ہے۔دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر پاکستان میں پانی کا جامع انتظام ضروری ہے اور گرین پاکستان اقدام کے تحت محفوظ شہید کینال صحرا میں بنجر زمین کو سیراب کرنے میں مدد دے گی۔آبپاشی کے جدید نظام کو بروئے کار لاتے ہوئے، یہ نہر 4120 کیوسک پانی فراہم کرے گی، جس سے خطے سے مطابقت رکھنے والی فصلوں اور پھلوں کی نشوونما میں مدد ملے گی۔