منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے بارے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت تین سو کلو میٹر سے زائد رقبے پر سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔شاہراہوں کے قومی ادارے کے چیئرمین نے کمیٹی کو بتایا کہ سکھر سے حیدرآباد تک ایم سکس کے کنٹر یکٹ کو سب سے زیادہ ترجیح دی جارہی ہے جسے اس منصوبے کے قابل عمل ہونے سے متعلق بین الاقوامی کنسلٹنٹس کی تیار کردہ رپورٹ کے تحت پانچ سیکشنز میں تقسیم کیا گیا ہے۔انہوں نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ ایم سکس کے دو سیکشنز پی پی پی کے طریق کار پر شروع کئے جائیں گے جبکہ حکومت بقیہ تین سیکشنز پر سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے پر بھی غور کررہی ہے کیونکہ ان سیکشنز کی تکمیل کے لئے خاطرخواہ فنڈز درکار ہیں۔
