قوم کل یوم پاکستان منائے گی

قوم کل یوم پاکستان منائے گی

قوم کل (اتوار) یوم پاکستان اس عہد کی تجدید سے منائے گی کہ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے انتھک محنت سے کام کیا جائے گا۔یہ دن 1940 میں تاریخی قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد دلاتا ہے جس میں جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کا لائحہ عمل پیش کیا گیا۔

کل دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گا۔نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔یوم پاکستان پریڈ رمضان المبارک کی وجہ سے ایوان ِ صدر میں محدود پیمانے پر منعقد کی جائے گی۔

صدر آصف علی زرداری اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے۔پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے دستے بھرپور شرکت کریں گے اور پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے فلائی پاسٹ کریں گے۔سہ پہر کو ایوان صدر میں ایک پُروقار تقریب منعقد کی جائے گی جہاں صدر آصف علی زرداری مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو ایوارڈ اور تمغوں سے نوازیں گے۔

اِس دن کی مناسبت سے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ”میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان” کے عنوان سے ایک خصوصی نغمہ جاری کیا ہے۔ اِس نغمے کا خصوصی پیغام ہے ”ایک دل ایک جان ایک پاکستان”

ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی پراِس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور تحریک پاکستان کے رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں گے۔

-- مزید آگے پہنچایے --