امریکا کا بانی پی ٹی آئی سے کسی طرح کا بھی ردعمل دینے سے انکار

امریکا کا بانی پی ٹی آئی سے کسی طرح کا بھی ردعمل دینے سے انکار

امریکا نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے متعلق سوال پرکسی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کر دیا۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس سے میڈیا بریفنگ کے دوران سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے متعلق سوال کیا گیا، تاہم انہوں نے سوال پر ردعمل دینے سے انکار کر دیا۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات پربات نہیں کی جائے گی، امریکا کو اپنے پڑوسیوں کی پروا ہے۔پریس بریفنگ کے دوران صحافی نے سوال کیا کہ پاکستان میں مقبول سیاسی رہنما عمران خان گزشتہ چند سال سے جیل میں ہیں، اس پر ترجمان نے کہا کہ کیا آپ بھی اپنا تعارف کروا سکتے ہیں؟ ہم پہلی بار مل رہے ہیں، اس پر صحافی نے کہا کہ میرا نام جلیل آفریدی ہے اور میرا تعلق فرنٹیئر پوسٹ سے ہے۔

ٹیمی بروس نے کہا آپ سے مل کر خوشی ہوئی، اس کے بعد صحافی نے سوال دہرایا کہ پاکستان میں مقبول رہنما عمران خان گزشتہ 2 سال سے جیل میں قید ہیں، اور اس عرصے میں پاکستان میں ہر چیز، خواہ وہ جمہوریت ہو، خواتین کے حقوق ہوں، سب کچھ بکھر چکا ہے۔انہوں نے استفسار کیا کہ کہ صدر ٹرمپ انتخابات سے قبل پاکستان کے بارے میں بہت کچھ کہہ رہے تھے اور امریکا میں ان کے ہزاروں نئے ووٹرز اور لاکھوں پاکستانی ان سے توقع کر رہے ہیں کہ وہ اس ملک کے حوالے سے کسی قسم کا اقدام کریں گے، کیا آپ کے ذہن میں کچھ ہے یا آپ نے صدر کی بات سنی ہے؟

ٹیمی بروس نے جواب دیا کہ ’جو میں آپ کو بتا سکتی ہوں، جیسا کہ میں نے ابھی ترکیہ کے بارے میں سنا، وہ یہ ہے کہ میں کسی دوسرے ملک کے اندرونی فریم ورک پر تبصرہ نہیں کروں گی، میں جانتی ہوں، صدر ٹرمپ کو عہدہ سنبھالے صرف 8 ہفتے ہوئے ہیں، اور دنیا میں ہمارے ارد گرد بہت کچھ ہو رہا ہے۔‘

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ صدر ٹرمپ اور سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ ہمیں اس چیز کی پروا ہے کہ ہمارے پروس میں کیا ہو رہا ہے، اس بات کی پروا ہے کہ دنیا میں کیا ہو رہا ہے، اور اس کا ثبوت ہمارے اقدامات سے ملتا ہے، آپ کا بہت شکریہ۔‘

-- مزید آگے پہنچایے --