پاکستان اورسعودی عرب نے علاقائی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کوتسلیم کرتے ہوئے دفاع اورسکیورٹی کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔اس عزم کا اظہاروزیراعظم محمد شہبازشریف اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان جدہ میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔وزیراعظم کے ساتھ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار،بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیراور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازموجودتھیں۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان بڑھتی ہوئی اقتصادی شراکت داری پراطمینان کا اظہار کیا ۔وزیراعظم نے اہم شعبوں میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری میں اضافے کے وعدوں کوقابل ستائش قراردیا جوپاکستان کی اقتصادی ترقی اوراستحکام میں معاون ثابت ہوگی۔دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال اورجغرافیائی منظرنامے پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے خطے میں امن، استحکام اورخوشحالی کے مشترکہ وژن کو ہرسطح پرفروغ دینے کیلئے مل کرکام کرنے پراتفاق کیا۔سعودی ولی عہدنے سعودی عرب میں پاکستانی برادری کی نمایاں خدمات کو سراہا اور ان کی بہتری کے اقدامات میں اضافے پررضامندی ظاہر کی۔دونوں رہنماؤں نے عوامی رابطوں ،ثقافتی تبادلوں اورتعلیمی اشتراک مزیدمستحکم بنانے کی ضرورت پرزوردیا۔
وزیراعظم اورسعودی ولی عہد نے باہمی احترام، مشترکہ مفادات اورترقی وخوشحالی کے مشترکہ وژن کی بنیاد پر پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان شراکت داری کونئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے عزم کااعادہ کیا۔بعدازاں اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے پاکستان کی مستقل امداد کرنے پرسعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کاشکریہ اداکیا۔انہوں نے یوکرین اورمشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لئے سعودی عرب کے کردار اور کوششوں کی بھی تعریف کی۔