وزیراعظم محمد شہبازشریف نے معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی Afiniti سے کہا ہے کہ وہ قومی اور بین الاقوامی صارفین کے لیے پاکستان میں عالمی معیار کا کال سینٹر قائم کرے۔وہ معروف امریکی ملٹی نیشنل آئی ٹی کمپنی Afiniti کے چار رکنی وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیروم کیپلس کی قیادت میں آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری کرنے میں امریکی کمپنی Afiniti کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی باصلاحیت آئی ٹی افرادی قوت عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کو آئی ٹی، اے آئی اور دیگر جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے پروگرام کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں 25 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے لیے آئی ٹی کمپنیوں کو تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جیروم کپیلس نے کہا کہ پاکستان کا آئی ٹی سیکٹر سرمایہ کاری اور کاروبار کے لیے انتہائی موزوں ہے اور اس وقت ایک ہزار سے زائد انتہائی باصلاحیت اور قابل پاکستانی ماہرین Afiniti Pakistan میں کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے کام کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پیشہ ورانہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی وجہ سے Afiniti اب خطے میں ایک کامیاب کمپنی ہے۔وفد نے پاکستانی آئی ٹی پروفیشنلز کی صلاحیتوں اور اس شعبے کی ترقی کے لیے ان کی محنت کو بھی سراہا۔