سی پی پی اے-جی اور کے الیکٹرک کے آر ایل این جی پاور پلانٹس کے فیول کی لاگت دسمبر 2024 کے لیے مساوی رہی: کے-الیکٹرک ترجمان

سی پی پی اے-جی اور کے الیکٹرک کے آر ایل این جی پاور پلانٹس کے فیول کی لاگت دسمبر 2024 کے لیے مساوی رہی: کے-الیکٹرک ترجمان

کے الیکٹرک کے ترجمان نے کہا ہے کہ دسمبر 2024 کے دوران، سی پی پی اے-جی کی جانب سے حاصل کی گئی بجلی کا 21 فیصد (یعنی 2,171 میگاواٹ) قومی گرڈ میں موجود آر ایل این جی پاور پلانٹس سے آیا، جبکہ کے الیکٹرک نے 19 فیصد (یعنی 252 میگاواٹ) بجلی آر ایل این جی سے پیدا کی، اور اس مدت کے دوران چلنے والے کے-الیکٹرک کے پاور پلانٹس کی فیول لاگت قومی گرڈ میں موجود ان پاور پلانٹس کے مساوی تھی۔

ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ دسمبر 2024 میں کے-الیکٹرک کی بجلی پیداوار کے اخراجات اور قومی گرڈ سے حاصل شدہ بجلی سے متعلق رپورٹس کے بارے میں ابہام پایا جاتا ہے۔ سردیوں کے موسم کے باعث اس مہینے میں طلب کم رہی، اور کے-الیکٹرک نے این ٹی ڈی سی سے اپنی بجلی کی سپلائی کو مناسب طور پر منظم کیا۔ کم طلب کے مطابق، این ٹی ڈی سی نیٹ ورک سے متوازن سپلائی حاصل کی گئی، جس میں وہی پلانٹس استعمال کیے گئے جن کی لاگت این ٹی ڈی سی نیٹ ورک میں چلنے والے دیگر پلانٹس کے مساوی تھی۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ اگر کے الیکٹرک کو وعدے کے مطابق مقامی قدرتی گیس کا کوٹہ مل جاتا، تو فیول لاگت کم ہو کر 8 روپے فی یونٹ تک آ سکتی تھی، جو دسمبر 2024 میں موجودہ لاگت کا محض 40 فیصد بنتی۔

تفصیلات میں جاتے ہوئے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس موقع پر یہ اجاگر کرنا ضروری ہے کہ صرف فیول لاگت کا موازنہ – جیسا کہ میڈیا سے نشر ہونے والی رپورٹس میں کیا گیا – مکمل تصویر پیش نہیں کرتا۔ ایک جامع تجزیہ، جس میں کپیسٹی پیمنٹس بھی شامل ہوں، یہ ظاہر کرتا ہے کہ قومی گرڈ سے بجلی کی کل خریداری لاگت تقریباً 27 روپے یونٹ ہے، جبکہ کے-الیکٹرک کی بجلی خریداری کی لاگت بھی اسی کے مساوی ہوگی۔

بجلی کی فیول لاگت کے لحاظ سے، کے-الیکٹرک کا سسٹم سی پی پی اے-جی کے مقابلے میں زیادہ ہوسکتا ہے کیونکہ سی پی پی اے-جی کے برعکس، کے-الیکٹرک کے پاس جوہری یا ہائیڈرو پاور پلانٹس نہیں ہیں، اور نہ ہی اسے اپنے پلانٹس چلانے کے لیے مقامی یا کم بی ٹی یو گیس کی مناسب مقدار فراہم کی جاتی ہے۔ تاہم، جب آر ایل این جی پاور پلانٹس کی آپریشن کی بات آتی ہے، تو کے الیکٹرک کی بجلی کی خریداری قومی گرڈ کے مساوی ہے۔

جیسا کہ نیپرا کے معزز رکن نے درست طور پر نشاندہی کی، کے-الیکٹرک سستی بجلی کے حصول کے لیے این ٹی ڈی سی سے خریداری کے لیے پرعزم ہے، اور اس کا عملی مظاہرہ کے-الیکٹرک کی جانب سے کے کے آئی اور دھابیجی گرڈز کی تکمیل سے ہو چکا ہے، جس کے ذریعے این ٹی ڈی سی سے بجلی کی مقدار بڑھا کر تقریباً 2,000 میگاواٹ تک لے جائی جا سکتی ہے، جس کی حتمی تصدیق این ٹی ڈی سی سے متوقع ہے۔

اسی دوران، کے الیکٹرک این ٹی ڈی سی کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے اور زیادہ مربوط اور مؤثر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس کے تعاون کا خواہاں ہے۔ باہمی اشتراک کے ذریعے، کے-الیکٹرک تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفاد میں نظام کی پائیداری اور استحکام کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید برآں، کے الیکٹرک اپنی توانائی کی لاگت کو متوازن بنانے کے لیے بھی متحرک ہے، اور اس مقصد کے لیے کمپنی پہلے ہی 640 میگاواٹ کے قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے آر ایف پیز جاری کر چکی ہے۔ مسابقتی بولی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے، اور ان منصوبوں کے بولی کے تجزیاتی رپورٹس نیپرا کی ہدایات کے مطابق جمع کروا دی گئی ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --