وزیراعظم شہبازشریف نے افغانستان میں انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار اور حمایت کا اعتراف کرنے اور اسے سراہنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے اپنے ایکس ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کیلئے امریکہ کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف کوششوں میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے جس کا مقصد دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ کرنا اور عسکریت پسند گروپوں کو کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف سرگرمیوں کی روک تھام کرنا ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہرقسم کی دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے پاکستان نے اسی ہزار سے زائد فوجی جوانوں اور شہریوں کی قیمتی جانوں سمیت گرانقدر قربانیاں دی ہیں۔شہبازشریف نے کہا کہ ہماری قیادت اور عوام نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا پختہ عزم کررکھا ہے۔