وزیراعظم کی معاون رومینہ خورشید عالم سے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے ڈائریکٹر برائے موسمیات کی قیادت میں وفد کی ملاقات

وزیراعظم کی معاون رومینہ خورشید عالم سے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کے ڈائریکٹر برائے موسمیات کی قیادت میں وفد کی ملاقات

وزیراعظم کی موسمیاتی معاون رومینہ خورشید عالم سے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن (آئی ایف سی) کے گلوبل ڈائریکٹر برائے موسمیات جیمی فرگسن کی قیادت میں چار رکنی وفد نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں آئی ایف سی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے سٹیک ہولڈرز کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحیت میں بہتری لانے کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا اور ترقی پذیر ممالک کے لیے عالمی حمایت کے تسلسل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

رومینہ خورشید عالم اور جیمی فرگسن نے موسمیاتی تبدیلی سے موثر طریقے سے نمٹنے کے لیے ماہرین ماحولیات، تعلیمی اداروں اور تکنیکی ماہرین جیسے اہم سٹیک ہولڈرز کو مضبوط شراکت داری کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ رومینہ خورشید عالم نے ترقی پذیر ممالک کے لیے موسمیاتی فنڈنگ تک آسان رسائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پاکستان کا عالمی سطح پر گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں کم حصہ ہے مگر یہ موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات، جیسے سیلاب، خشک سالی اور شدت کی گرمی کا سب سے زیادہ شکار ہے۔ انہوں نے موسمیاتی فنانس تک رسائی کو آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طویل مدتی موافقت اور تخفیفی منصوبوں کے نفاذ میں مدد ملے گی، خاص طور پر ان ممالک کے لیے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔وزارت موسمیاتی تبدیلی کی سیکرٹری عائشہ حمیرا موریانی نے پاکستان میں برقی گاڑیوں (ای وی) کی بڑھتی ہوئی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا جس سے کاربن کے اخراج میں کمی اور ہوا کے معیار میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دو پہیوں کی گاڑیوں کی مقبولیت کے پیش نظر ای وی کے شعبے کے ساتھ تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے۔ جیمی فرگسن نے کوپ 29 کانفرنس میں رومینہ خورشید عالم کی قیادت کی تعریف کی خاص طور پر پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات کے لیے ان کی حمایت کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے پیش نظر عالمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا اور آئی ایف سی کی جانب سے موسمیاتی ریزیلینس اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے تکنیکی ماہرین اور حکمت عملی کی رہنمائی فراہم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جاسکے۔

-- مزید آگے پہنچایے --