آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے بارہویں گروپ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے دی۔بھارت کی جانب سے ملنے والے 250 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 46 ویں اوور میں205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن 81 رنز بناکر نمایاں رہے ، انہوں نے اپنی اننگز میں 7 چوکے لگائے۔ ان کے علاوہ مچل سینٹنر نے28، ول ینگ نے 22 اور ڈیرل مچل نے 17 رنز بنائے، ٹام لیتھم 14 اور گلین فلپس 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے 42 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ کلدیپ یادو نے 2، ہاردک پانڈیا، اکشرپٹیل اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔
قبل ازیں دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز بنائے، شریاس آئیر 79 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہارڈک پانڈیا 45 اور اکشر پٹیل نے 42 رنز بنائے۔بھارتی بیٹر کے ایل راہول 23 ، روینڈرا جڈیجا 16، کپتان روہت شرما 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی 11 ، محمد شامی 5، شبھمن گل 2 اور کلدیپ یادیو نے ایک رن بنایا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 5 وکٹیں حاصل کیں، مچل سینٹنر، ول او رورکے ، کائیل جیمیسن اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔