ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ زائدالعمر افراد میں وٹامن بی 12 کی کمی یا ذیادتی دونوں سے ہی یادداشت کی کمزوری ہوسکتی ہے۔طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے 71 سال یا اس سے زائد العمر 230 سے افراد پر تحقیق کی۔
ماہرین نے تحقیق کے دوران وٹامن بی 12 کی کمی یا ذیادتی کے صحت پر پڑنے والے اثرات کو جانچا۔رضاکاروں میں نصف خواتین تھیں جب کہ ماہرین نے تحقیق سے قبل تمام افراد کے بلڈ ٹیسٹس کرکے ان میں وٹامن بی 12 کی سطح دیکھی۔
بعد ازاں ماہرین نے تمام افراد میں ہونے والی طبی پیچیدگیوں کو دیکھا اور ان پیچیدگیوں کو وٹامن بی 12 کی سطح سے جانچا۔ماہرین نے رضاکاروں میں ہونے والی طبی پیچیدگیوں کو جنس اور نسل سے بھی جانچا اور پایا کہ زائد العمر افراد میں وٹامن بی 12 کی کمی یا ذیادتی دونوں صورتوں میں یادداشت کی کمزوری کا سبب بن رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق وٹامن بی 12 خصوصی طور پر نیورو سسٹم کو مضبوط اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس سے انسانی جسم کے خراب ٹشوز متحرک ہوجاتے ہیں۔ماہرین کا کہنا تھا کہ وٹامن بی 12 کی کمی کے جہاں نقصانات ہیں، وہیں اس کی ذیادتی بھی زائد العمر افراد کو فائدہ دینے کے بجائے نقصان دے سکتی ہے۔
ماہرین نے پایا کہ وٹامن بی 12 کی کمی اور ذیادتی سے ذہنی صحت اور خصوصی طور پر یادداشت میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔خیال رہے کہ وٹامن بی 12 دودھ، انڈوں اور مچھلی سمیت مختلف سبزیوں اور پھلوں میں پائی جاتی ہے اور انسان کو یومیہ ڈھائی مائکروگرام وٹامن بی 12 کی ضرورت ہوتی ہے۔
عام طور پر انسانی جسم مختلف غذاؤں سے مطلوبہ وٹامن بی 12 کی مقدار حاصل کرلیتا ہے، تاہم بعض افراد میں دیگر مسائل کی وجہ سے وٹامن بی 12 کی کمی ہوسکتی ہے۔