پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ روابط مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی معاملات میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی ابوظہبی میں اپنے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوامی رابطوں سمیت کلیدی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔شیخ عبداللہ بن زید النہیان نے پاکستان کے ساتھ اپنے تزویراتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی اہم شراکت کا بھی اعتراف کیا.