چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے باکو میں آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو آذربائیجان کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مذہبی، ثقافتی اور تاریخی مماثلتوں کے ذریعے جڑے ہوئے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں سے عوامی سفارت کاری کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کے صدر کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں آگاہ کیا اور پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول زراعت، توانائی اور کان کنی میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع کا حوالہ دیا۔