آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کے پہلے میچ میں انجری کے باعث ان فٹ ہونے کے بعد ایونٹ سے باہر ہونے والے پاکستانی اوپنر فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ْ آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے فخر زمان کی جگہ امام الحق کو پاکستان اسکواڈ میں شمولیت کی اجازت دے دی، ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی میں وسیم خان،عثمان واہلہ،سارا ایڈگر اور شان پولگ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فخر زمان گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف فیلڈنگ کے دوران پہلے ہی اوور میں پٹھوں میں کھچاؤ کے باعث ان فٹ ہوگئے تھے۔فخر زمان کو تکلیف کے باعث میدان سے باہر جانا پڑا تھا، کچھ دیر بعد وہ فیلڈنگ کے لیے واپس آئے تھے تاہم تکلیف کے باعث وہ میدان سے باہر چلے گئے تھے۔
فخر زمان ابتدائی اوورز میں فیلڈنگ کے دوران گراؤنڈ سے باہر جانے کے باعث آئی سی سی رولز کے تحت نیوزی لینڈ کے خلاف اوپننگ بھی نہیں کر سکے تھے، جس کے باعث بابر اعظم نے سعود شکیل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا، بعد ازاں فخر زمان چوتھے نمبر پر کھیلنے آئے تھے تاہم پوری اننگز میں وہ تکلیف میں رہے اور 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ دلچسپ پاک – بھارت میچ کے لیے آج دبئی روانہ ہوگی، قومی اسکواڈ جمعہ کو ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گا، پاک بھارت ٹیمیں 23 فروری کو آمنے سامنے ہوں گی۔