وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پرنیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کی جانب سے فلسطین، لبنان اور شام کی جنگ زدہ عوام کے لیے فلاحی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ این ڈی ایم اے اورالخدمت فاؤنڈیشن کی مشترکہ کاوش سے روانہ کی گئی اس امدادی کھیپ میں ٹینٹ ترپال اور گرم خیموں پر مشتمل60 ٹن سامان فلسطین کے لیے روانہ کیا گیا۔ امدادی سامان بذریعہ ہوائی جہاز جناح انٹر نیشنل ائیرپورٹ کراچی سے الآئرش ائیرپورٹ شام پہنچے گا۔ سامان روانگی تقریب میں این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان شریک تھے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر فلسطین، لبنان اور شام کے لیے روانہ کی گئی 24امدادی کھیپوں میں کل1861 ٹن امدادی سامان روانہ کیا گیا جس میں فلسطین کے لیے1378ٹن،لبنان کے لیے 372ٹن جبکہ شام کے لیے 111 ٹن سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔حکومت پاکستان لبنان،فلسطین اور شام کی جنگ زدہ عوام کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھیجنے کے سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔