پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں پی ٹی وی نے ہائر ایجوکیشن کو اننگز اور94 رنز سے ہرادیا۔ایشال ایسوسی ایٹس کے عبداللہ شفیق اور غنی گلاس کے علی رزاق نے سنچریاں اسکور کیں جبکہ کے آر ایل کے شاہد عزیز نے اوجی ڈی سی کے خلاف میچ میں دس وکٹیں حاصل کیں۔
کے سی سی اے اسٹیڈیم میں ہائر ایجوکیشن کی ٹیم پی ٹی وی کے خلاف دوسری اننگز میں152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔علی حمزہ نے 50 رنز اسکور کیے۔محمد محسن اور علی عثمان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے غنی گلاس کے خلاف دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر154 رنز بنائے تھے۔اس سے قبل غنی گلاس نے پہلی اننگز میں 435رنز اسکور کیے۔ علی رزاق نے 162 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔یہ ان کی پہلی فرسٹ کلاس سنچری ہے۔محمد ولید نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں واپڈا نے ایشال ایسوسی ایٹس کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں7 وکٹوں پر200 رنز بنائے تھے۔خالد عثمان 66 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔اس سے ایشال ایسوسی ایٹس نے پہلی اننگز میں270 رنز اسکور کیے جس میں عبداللہ شفیق کے 107 رنز نمایاں تھے۔عاقب خان نے 82رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کے آر ایل نے اوجی ڈی سی ایل کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 140رنز بنائے تھے۔اسے جیت کے لیے230 رنز کا ہدف ملا ہے۔اس سے قبل اوجی ڈی سی ایل اپنی دوسری اننگز میں165 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ شاہد عزیز نے63 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں دس وکٹیں حاصل کیں۔