پاکستان کے معروف اسلامی بینک فیصل بینک لمیٹڈ (FBL) نے الائنس نیٹ ورک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کرلی ہے، جس کا مقصد اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام میں انقلاب لانا ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کے انفرا اسٹرکچر کو وسعت دی جائے گی اور کاروباروں کو جدید ادائیگی کے حل فراہم کر کے انہیں ترقی کے مواقع فراہم کرنےکے ساتھ ساتھ ان کے کیش لین دین کو آسان بنایا جائے گا۔
یہ اتحاد فیصل بینک کے ڈیجیٹل ادائیگی کے ٹیکنالوجی نظام کو مزید مستحکم بنائے گا، جس سے ان کاروباروں کو بہترین تجربہ حاصل ہوگا جو کیش لیس ادائیگیوں کو اپنانا اور اپنی آمدن کو بڑھانا چاہتے ہیں۔
فیصل بینک کے چیف ڈیجیٹل آفیسر امین الرحمٰن نے کہا، ”ایف بی ایل میں ہم شراکت داری کے ذریعے ترقی پر پختہ یقین رکھتے ہیں، اور درست شراکت دار کا انتخاب اس سمت میں پہلا قدم ہے۔ الائنس نیٹ ورک کے ساتھ اشتراک سے فیصل بینک کو ڈیجیٹل ادائیگی کے شعبے میں اسٹریٹجک برتری حاصل ہوجائے گی۔”
الائنس نیٹ ورک کے سی ای او Niranj Sangal نے کہا، ”ہم فیصل بینک کے ساتھ شراکت داری کو باضابطہ شکل دینے پر بہت خوش ہیں۔ یہ اشتراک پاکستان کے ڈیجیٹل ادائیگی کے منظرنامے کو مستحکم بنانے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے ملک بھر میں کاروباری اداروں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔”
340 سے زائد شہروں میں تقریباً 855 برانچوں کے وسیع نیٹ ورک کے ساتھ فیصل بینک ڈیجیٹل ادائیگی میں بھی جدت کو فروغ دے رہا ہے، خاص طورپر چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کے لیے ڈیجیٹل ادائیگی کے ساتھ پاکستان بھر میں افراد اور کاروباری اداروں کو بلا تعطل شریعہ کمپلائنٹ بینکاری حل فراہم کر رہا ہے۔