امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےسوشل میڈیا پر ایک بار پھر غزہ پر قبضے کا بیان دہرا دیا۔غزہ پر قبضے کے حوالے سے ٹرمپ کے بیان پر عالمی ردعمل دھرے کا دھرا رہ گیا، وائٹ ہاؤس اور محکمہ خارجہ کی وضاحتیں بھی کسی کام نہ آئیں۔سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کی پٹی اسرائیل کے ذریعے امریکا کے حوالے کر دی جائے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ تب تک فلسطینی شہری کہیں زیادہ محفوظ اور خوبصورت علاقوں میں دوبارہ آباد ہو چکے ہوں گے، انہیں درحقیقت خوش، محفوظ اور آزاد رہنے کا موقع ملے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکا پوری دنیا کی عظیم ترقیاتی ٹیموں کے ساتھ کام کر رہا ہے، آہستہ آہستہ اور احتیاط سے غزہ کی تعمیر شروع کی جائے گی۔ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ غزہ کی تعمیر زمین پر اپنی نوعیت کی عظیم اور سب سے شاندار پیشرفت بن جائے گی، امریکا کو کسی فوجی کی ضرورت نہیں ہوگی، خطے میں استحکام آئے گا۔