آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کار جو دہشت گردی میں ملوث ہیں ان سے آگاہ ہیں اور نام نہاد دوست نما دشمن کچھ بھی کرلیں انہیں قوم کے تعاون سے پاک آرمی کے سامنے شکست ہوگی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال پر جامع بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں سینیئر عسکری اور انٹیلیجنس حکام بھی شریک ہوئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہید سیکیورٹی اہلکاروں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور زخمیوں کی عیادت کے لیے سی ایم ایچ کا دورہ کیا، جہاں جنرل عاصم منیر نے زخمی ہونے والے فوجی جوانوں کی عیادت کی۔
یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران 23 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جب کہ جوابی کارروائی میں فورسز کے 18 اہلکار بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف فورسز اور سیکیورٹی اداروں کے کردار اور ملکی دفاع کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں کے غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قوم کے ساتھ ملکر شکست دیں گے، جب بھی جہاں بھی ضرورت پڑی دشمنوں کا قلع قمع کرنے کیلئے لازمی کارروائی کریں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کار جو دہشت گردی میں ملوث ہیں ان سے آگاہ ہیں، یہ عناصر منافقت کا دہرا معیار اپنا کر درپردہ دوسر ی طرف سے کھیل رہے ہیں تاہم مادر وطن اور عوام کے دفاع کے لیے ہم یقیناً دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں انجام تک پہنچائیں گے۔
جنرل عاصم منیر نے مزید کہا کہ دوست نما دشمن کچھ بھی کرلیں انہیں قوم کے تعاون سے پاک آرمی کے سامنے شکست ہوگی۔