بین المذاہب ہم آہنگی کا عالمی ہفتہ آج سے شروع ہو رہا ہے جو ہر سال فروری کے پہلے ہفتے میں منایا جاتا ہے۔یہ ہفتہ منانے کا مقصد امن اور عدم تشدد کی ثقافت کو فروغ دینا ہے۔بین المذاہب ہم آہنگی کا عالمی ہفتہ ایک سالانہ تقریب ہے جو 2010 سے منایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مذہبی اسکالرز، کمیونٹی رہنماؤں اور شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں کیونکہ انتہا پسندی اور تفرقہ انگیز بیان بازی سے سماجی امن اور ہم آہنگی کو خطرہ ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار آج سے شروع ہونے والے بین المذاہب ہم آہنگی کے عالمی ہفتہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہفتہ متنوع مذہبی برادریوں کے درمیان مکالمے، افہام و تفہیم اور تعاون کی اہمیت کی ایک مضبوط یاد دہانی کا کام کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جس کا تصور ہمارے بانی بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے تمام مذاہب کے لیے ایک پناہ گاہ کے طور پر کیا تھا، ہر شہری کے عقیدے، وقار اور مساوات کے حق کے تحفظ کے لیے اپنے آئینی حلف پر ثابت قدم رہے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت قبولیت، رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔