قذافی اسٹیڈیم لاہور کا 7 فروری کو وزیراعظم افتتاح کریں گے، محسن نقوی

قذافی اسٹیڈیم لاہور کا 7 فروری کو وزیراعظم افتتاح کریں گے، محسن نقوی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی تقریب کیلئے بھارت، آئی سی سی چیئرمین کو بھی دعوت دی ہے، تقریب میں شرکت کیلئےجے شاہ کی شرکت ابھی کنفرم نہیں ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ  قذافی اسٹیڈیم لاہور کا 7 فروری کو وزیراعظم افتتاح کریں گے، اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت مکمل کرنے کا 31 جنوری تک کا وعدہ تھا، اکتوبر میں تعمیر شروع ہوئی تھی۔

محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے تمام ٹیموں کو ویلکم کریں گے، اپنے مہمانوں کا استقبال کرنے کیلئے پرجوش ہیں، 16 فروری کو آئی سی سی کے ساتھ مل کر چیمپئنز ٹرافی تقریب کا انعقاد کریں گے، آئی سی سی سے کہا ہے کہ پاسز نہیں ٹکٹیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کےلیے مکمل تیاری ہے، دن رات کام کر رہے ہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی،  آئی سی سی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، نیشنل اسٹیڈیم کا افتتاح 11 فروری کو صدر آصف زرداری کریں گے، اسٹیڈیم کی سیٹیں معیاری ہیں، 20 سال کی وارنٹی ہے، سیٹوں کے معیار پر سرحد پار سے بھی بہت بات کی گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے جلد ٹیم کا اعلان ہوگا، سلیکشن ٹیم پر بھروسہ ہے اچھی ٹیم منتخب ہوگی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ تعمیری تنقید پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسٹیڈیم کی تعمیر میں کوالٹی پر کمپرومائز نہیں کیا گیا، لاہور میں پہلے مزدوروں کے ساتھ لنچ ہوگا اور پھر میچ دیکھیں گے، ابھی قذافی اسٹیڈیم کا نام یہی رہے گا، اسٹیڈیم کے ناموں کی تبدیلی ایک پراسیس اور ٹینڈر سے ہوگی۔

-- مزید آگے پہنچایے --