وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی کھلاڑیوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔
وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں سنوکر چیمپئن محمد آصف سے ملاقات کے دوران کیا۔ محمد آصف نے حال ہی میں سری لنکا میں منعقد ہونے والی سارک سنوکر چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی، جس پر وزیر اعظم نے انہیں مبارکباد دی اور 25 لاکھ روپے کا انعامی چیک پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ محمد آصف نے ورلڈ امیچور اسنوکر چیمپئن شپ اور سارک اسنوکر چیمپئن شپ تین تین بار جیت کر عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، جس پر پورا ملک فخر محسوس کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محمد آصف کے ساتھ مل کر ملک میں نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے پروگرامز تیار کریں تاکہ اس کھیل کو فروغ دیا جا سکے۔
محمد آصف نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ میں حکومتی سرپرستی کا بڑا کردار ہے اور اس سے کھلاڑیوں کو مزید آگے بڑھنے کا حوصلہ ملتا ہے۔