پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ’’یوم تعلیم‘‘ منایا جا رہا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور دنیا بھر میں تعلیم تک یکساں رسائی کو یقینی بنانا ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے لیکن پاکستان میں تعلیم کی صورتحال تسلی بخش نہیں، شرح خواندگی تقریباً 59 فیصد ہے جو کہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے، پاکستان میں سکول جانے کی عمر کے تقریباً 2 کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں، خاص طور پر دیہی علاقوں اور خواتین کی تعلیم پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ فنڈز، سکولوں اور اساتذہ کی کمی سمیت غربت، صنفی عدم مساوات اور سہولیات کی عدم دستیابی شرح خواندگی کی کمی کی وجہ ہے، ہائر ایجوکیشن بھی بحران کا شکار ہے۔ماہرین تعلیم نے مزید کہا کہ پنجاب میں تعلیمی معاملات امید افزا ہیں، حکومتی سکیمیں تعلیم کی بہتری کیلئے کام کر رہی ہیں، جس میں لیپ ٹاپ، ہونہار سکالر شپس پروگرام شامل ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی یومِ تعلیم کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’مصنوعی ذہانت اور تعلیم: آٹومیشن کی دنیا میں انسانی ارادہ و اختیار کا تحفظ‘‘ کے عنوان کے تحت عالمی یومِ تعلیم منا رہے ہیں، تعلیم کو ایک خوشحال، ہمہ گیر اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد بنانے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انسانی ارادہ و اختیار، تخلیقی صلاحیت، تنقیدی سوچ اور فیصلہ سازی کو مقدم رہنا چاہیے، مصنوعی ذہانت کا ذمہ دارانہ استعمال تعلیمی نظام میں انقلاب برپا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں تعلیمی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کو ترجیح دینا ہوگی۔آصف زرداری نے کہا کہ تعلیمی نظام کو درپیش دیگر مستقل چیلنجوں سے بھی نمٹنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے تعلیمی نظام میں بہتری لانے کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنا چاہیے، ماہرینِ تعلیم، پالیسی ساز اور والدین مصنوعی ذہانت اور تعلیم فراہم کرنے کے جدید طریقے اپنائیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج تعلیم کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ہم ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ قدم سے قدم ملاتے ہوئے افراد اور کمیونٹیز کو بااختیار بنانے میں تعلیم کے اہم کردار کو تسلیم کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس سال کے تعلیم کے بین الاقوامی دن کا موضوع ’’مصنوعی ذہانت اور تعلیم: خودکاری کی دنیا میں انسانی عوامل کا تحفظ‘‘ کے تحت ہمیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ مصنوعی ذہانت میں پیش رفت ہماری انسانیت کی خدمت کے لئے ہماری مشترکہ کوششوں میں ہماری مدد کرے۔