سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 6 خارجی ہلاک

سکیورٹی فورسز نے افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، 6 خارجی ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ 22/23 جنوری کی رات کو خارجی دہشت گردوں کا ایک گروپ پاکستان-افغانستان سرحد سے دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں ٹریس کیا اور مؤثر طریقے سے خارجی دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کی عبوری حکومت سے یہ مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور خوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کو جاری رکھنے کے لیے افغان سرزمین کا استعمال نہیں کرنے دے گی۔مزید بتایا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

-- مزید آگے پہنچایے --