پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پتنگ لوٹتے ہوئے 12 سالہ بچہ بجلی کی تار سے ٹکرا کر شدید زخمی ہو گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سیالکوٹ میں پتنگ کی ڈور کے باعث کرنٹ لگنے سے بچے کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔مریم نواز نے نے ریجنل پولیس افسر (آر پی او) گوجرانولہ سے رپورٹ طلب کر لی۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے زخمی بچے کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
مریم نواز نے پتنگ بازی کے جان لیوا دھندے پر کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا حکم بھی دے دیا۔واضح رہے کہ آج ہی محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا تھا کہ صوبائی اسمبلی نے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا بل منظور کرلیا ہے، جس کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائے دی جائے گی۔محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی نے پتنگ بازی پر مکمل پابندی کا ترمیمی ایکٹ 2024 منظور کرلیا۔
پنجاب میں پتنگ بازی ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، خلاف ورزی پر کم از کم 3 سال سے 7 سال تک قید کی سزا ہوگی۔محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی، پتنگ کی تیاری، فروخت و نقل و حمل پر 5 لاکھ سے 50 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔پابندی کا اطلاق پتنگوں، دھاتی تاروں، نائلون کی ڈوری، تندی، پتنگ بازی کے مقصد کے لیے استعمال ہونے والے تیز دھار مانجھے کے ساتھ تمام دھاگوں پر ہوگا۔