این بی پی 49ویں نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کا 21جنوری سے آغاز

این بی پی 49ویں نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کا 21جنوری سے آغاز

این بی پی49ویں نیشنل اسنوکر چیمپئن21 جنوری سے نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس کے اسنوکر ایرینا میں کھیلی جائے گی،قومی اسنوکر چیمپئن اسجد اقبال اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔یہ بات پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے چیئر مین عالم گیر شیخ نے پیر کو پریس کانفرنس کے دوران بتائی،اس موقع پر،نیشنل بینک کے سینئر وائس پریذیڈنٹ اور اسپورٹس ونگ کے سربراہ شیر محمد،پی بی ایس اے کے صدر جاوید کریم،عبدالقادر میمن،عرفان موٹن،محمد فرحان،پی بی ایس اے کے سیکریٹری ذوالفقار علی رمزی،ٹورنامنٹ ڈائرکٹر نوید کپاڈیا اور دیگر بھی موجود تھے۔عالم گیر شیخ نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی نیشنل بینک نے نیشنل چیمپئن شپ کو اسپانسر کیا ہے،ہمیں خوشی ہے کہ گزشتہ 16 برس سے نیشنل بینک ہماری نیشنل چیمپئن شپ کو اسپانسر کر رہا ہے،یکم فروری تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ کی انعامی رقم پانچ لاکھ 25 ہزار روپے رکھی گئی ہے،نیشنل چیمپئن شپ کے فاتح کیوسٹ کو دو لاکھ اور رنر اپ کو ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی

سیمی فائنلسٹ کو50ہزار،کوارٹر فائنلسٹ کو25ہزار اور چیمپئن شپ میں بڑا بریک کھیلنے والے کیوسٹ کو25ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔نیشنل چیمپئن شپ میں ملک بھر سے48کیوسٹ شرکت کر رہے ہیں جن کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ہر گروپ سے دو ٹاپ کیوسٹ پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گے۔گزشتہ سال نیشنل چیمپئن شپ کے فاتح اسجد اقبال اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔پانچ جونیئرز چیمپئنز کیوسٹس کو براہ راست چیمپئن شپ میں انٹری دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تین بار ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے والے محمد آصف کے لئے تین کروڑاور احسن رمضان کے لئے ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم کیش ایوارڈ اسپورٹس پالیسی کے تحت ہم حکومت سے کلیم کریں گے،ہمیں امید ہے کہ یہ انعامی رقم ہمارے کیوسٹس کو ضرور ملے گی۔اس کے علاوہ ہم نے2019-20سے اب تک کے تمام انٹر نیشنل میڈلز کے حوالے سے بھی کلیم کرنا ہے،تاکہ جو پیسے ملیں ان سے سیکنڈ اور تھرڈ رینکنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی کر سکیں۔این بی پی اسپورٹس ونگ کے سربراہ شیر محمد کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک اور پاکستان اسنوکر ایسوسی ایشن کے ساتھ ہماراتعاون ماضی کی طرح جاری رہے گا،دیگر کھیلوں کو بھی اسپانسر کر رہے ہیں،فٹبال سمیت دیگر کھیلوں کی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے نیشنل چیمپئن شپ کی اسپانسر شپ کی رقم کا چیک پی بی ایس اے کے حوالے کیا۔

-- مزید آگے پہنچایے --