اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے دونوں ایڈیشنل ججز سے عہدے کا حلف لیا، حلف اٹھانے والوں میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد محمد اعظم خان اور سینئر ایڈووکیٹ راجہ انعام امین منہاس شامل ہیں۔
دو ایڈیشنل ججز کی تقرری کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔دوسری جانب بلوچستان ہائیکورٹ میں بھی ایڈیشنل ججز کی تقریب حلف برداری منعقد کی گئی جس میں تین ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد ہاشم خان کاکڑ نے ایڈیشنل ججز سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے ججز میں آصف ریکی، ایوب ترین اور نجم الدین مینگل شامل ہیں، ایڈیشنل ججز کی تقرری کے بعد بلوچستان ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سیشن جج اعظم خان اور سابق صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار راجہ انعام امین منہاس کے نام پر اتفاق کیا گیا تھا۔وزرات قانون نے ہفتے کو صدر مملکت کی منظوری سے اسلام آباد اور بلوچستان ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔