ملتان ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے دوسری اننگز میں 3 وکٹ پر 109 رنز بنالیے ہیں، یوں پاکستان کی ویسٹ انڈیز پر برتری 202 رنز ہوگئی ہے۔
دوسرے دن کا کھیل کم روشنی کی وجہ سے روک دیا گیا ہے، سعود شکیل 2 اور کامران غلام 9 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی 3 وکٹ گرگئیں، کپتان شان مسعود 52، محمد ہریرہ 29 اور بابراعظم 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ہیں۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 137 رنز پر پویلین لوٹ گئی، گرین کیپ پہلی اننگز میں 230 رنز آؤٹ ہوئی تھی، جواب میں ساجد خان اور نعمان علی نے ویسٹ انڈیز کی اننگز کو صرف 25 اعشاریہ 2 اوورز میں بھی ہی سمیٹ دیا۔
ویسٹ انڈیز کے میکائیل لوئس 1 رن پر، کیاسی کارٹی صفر پر، کریک براتھویٹ 11 رنز پر اور کیون ہوج 4 رنز پر ساجد خان کا شکار بن گئے۔
بعدازاں جسٹن گریویس 4 اور ٹیون املاچ 6 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے۔
اس کے بعد 51 رنز پر ویسٹ انڈیز کی ساتویں، 66 رنز پر آٹھویں اور 91 رنز پر نویں وکٹ بھی نعمان علی کے حصے میں آئی۔
پاکستان کے لیے آخری وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان ٹیم پہلی اننگ میں 230 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے سعود شکیل اور محمد رضوان نے پہلی نا مکمل اننگ کا دوبارہ آغاز کیا جس کے بعد پاکستان کی پانچویں وکٹ 187 اور چھٹی وکٹ 197 رنز پر گر گئی۔
سعود شکیل 84 اور سلمان آغا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران محمد رضوان نے ایک اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔
بعدازاں پاکستان کی ساتویں اور آٹھویں وکٹ 200 رنز پر گری، نعمان علی صفر اور محمد رضوان 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی نویں وکٹ 225 رنز پر گری، خرم شہزاد 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ قومی ٹیم کی آخری وکٹ 230 رنز پر گری، ساجد خان 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔