آکسفورڈ یونیورسٹی پریس (OUP) نے 9ویں آکسفورڈ بگ ریڈ (OBR) کے فاتحین کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ عالمی ادبی مقابلہ طلبہ میں مطالعہ کے جذبے کو فروغ دینے اور ان میں پڑھنے کی عادت ڈالنے کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔
مقابلے کا آغاز 7 دسمبر 2023 کو ہوا، جس میں پاکستان بھر سے 1,142 طلبہ نے حصہ لیا۔ ان طلبہ نے ملک کے مختلف علاقوں سے آ کر اپنی علمی مہارت کا مظاہرہ کیا.آکسفورڈ بگ ریڈ (OBR) مقابلے تین لیول پر مشتمل ہوتے ہیں ، جو مختلف عمر کے گروپوں کے لیے مخصوص ہیں۔ لیول 1 جماعت 1 سے 3 ,لیول 2 جماعت 4 سے 6 ، لیول 3 جماعت 7 سے 9 شامل ہیں۔
پاکستان کے فاتحین کو بین الاقوامی سطح پر دیگر ممالک کے طلبہ کے ساتھ مقابلہ کرنے کا موقع ملا، جس میں چلی، کولمبیا، کوسٹاریکا، میکسیکو، ارجنٹائن، پیرو اور بھارت آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی شاخوں کے طلبہ شامل تھے۔
اس سال آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول کھارادر کراچی کے گریڈ 9 کے دروشم علی نے تیسرے لیول میں عالمی سطح پر رنر اپ کا اعزاز حاصل کیا جبکہ وننگٹن اسکول کھیوڑہ کی گریڈ 6 کی عنابیہ امتنان نے دوسرے لیول میں بین الاقوامی سطح پر رنر اپ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے طلباء کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور اسکولوں، اساتذہ، اور والدین کو خراج تحسین پیش کیا ہے