وزیراعظم نے دن رات کام کر کے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا،مریم نواز

وزیراعظم نے دن رات کام کر کے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دن رات کام کر کے ملک کو ڈیفالٹ کے خطرے سے نکالا۔لاہور میں آسان کاروبار فنانس اورآسان کاروبارکارڈکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لوگ کہہ رہے تھے ملک ڈیفالٹ کرجائے گا، اب تمام اکنامک انڈیکیٹرز بہتری کی جانب گامزن ہیں، سٹاک مارکیٹ نے تاریخی ریکارڈ توڑا ہے، دنیا کے سرمایہ کار پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کل اعلان کیا بجلی کی قیمت 11 روپے مزید کم ہوگی، دنیا کے ماڈلز کی سٹڈی کرتی ہوں، کسی ملک نے انڈسٹریلائزیشن کے بغیر ترقی نہیں کی، ہمیں بھی انڈسٹریلائزیشن کی طرف جانا ہے، آج شاندار پیکیج لیکر پنجاب کےعوام کے سامنے آئی ہوں، آج وزیراعلیٰ آسان کاروبار فنانس ،وزیراعلیٰ آسان کاروبار کارڈ لارہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت آپ کو 3 کروڑ روپے تک کا بلاسود قرضہ ملے گا، ہم نے آپ کے لیے بزنس پلان بھی بنادیئے ہیں، ہم آپ کیلئے ہینڈ ہولڈنگ کا سسٹم بھی ڈویلپ کررہے ہیں، آپ آج پیسے لے لیں اور کل اپنا کاروبار شروع کردیں، چھوٹی فیکٹری یا پلانٹ لگانے کیلئے زمین رعایت پر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ آپ زمین کا ٹکڑا لے کر اپنا کاروبار شروع کرسکتے ہیں، یہ سکیم ان نوجوانوں کیلئے ہے جو اپنا کاروبار کرنا چاہتے ہیں، پاکستان میں پنک سالٹ کی کانیں ہیں،خزانہ ہے، دوسرے ممالک پاکستان کے نمک کو بیچ کر منافع کماتے ہیں، پنک سالٹ کے کاروبار میں بھی بہت وسائل ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال پہلے ذاتی کاروبار کرنا اس سے زیادہ آسان تھا، ہم آپ سے گروی چیزیں نہیں رکھوارہے، ہم آپ کو آسان شرائط پر بلاسود قرضہ دیں گے، جو لوگ کاروبار کرنا چاہتے ہیں انہیں اس سے بہتر سکیم نہیں مل سکتی، جن کو 3 کروڑروپے سے زیادہ کی ضرورت ہے ان کی بھی مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بڑی صنعت والوں کوہم 50 لاکھ کا سولر بھی مفت دیں گے، پنجاب میں ڈومیسٹک سرمایہ کاری کیلئے یہ بہت بڑا موقع ہے، پنجاب میں ہم انڈسٹریلائزیشن کو دیکھنا چاہتے ہیں، اپنا کاروبار کرکے اکانومی کی ترقی میں بھی کردار ادا کریں، ہم عوام کی بھلائی کیلئے جو کچھ کررہے ہیں ،ثمر جلد ملے گا۔

-- مزید آگے پہنچایے --