توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت جمعہ 10 جنوری تک ملتوی

توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت جمعہ 10 جنوری تک ملتوی

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران پانچویں گواہ کا بیان بھی ریکارڈ کرلیا گیا۔ اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کی، استغاثہ کے ایک اور گواہ طلعت محمود کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔مقدمے میں مجموعی طور پر 5 گواہان کا بیان ریکارڈ کیا جاچکا ہے، جب کہ 3 گواہوں پر جرح بھی مکمل کی جاچکی ہے۔سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ بن یامین کے بیان پر جرح مکمل نہیں کی جا سکی۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے جمعہ کے روز جرح کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر ایف ائی اے کے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرز نے اعتراض کیا۔

پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل قو سین فیصل مفتی، بشری بی بی کے وکیل ارشد تبریز عدالت میں موجود ہیں، ملزمان کے وکلا موجود ہیں، گواہ پر جرح کا پراسس مکمل کیا جائے۔استغاثہ نے کہا کہ آئندہ سماعت پر مزید 2 گواہوں کو عدالت پیش کیا جائے گا، ان میں نیب افسران قیصر محمود اور شفقت شامل ہیں، جو بطور گواہ بیان ریکارڈ کروائیں گے۔بعد ازاں اسپیشل جج نے کیس کی مزید سماعت جمعہ 10 جنوری تک ملتوی کر دی۔

-- مزید آگے پہنچایے --