سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کو روکنے کے لیے طلبا کی اسکریننگ کا فیصلہ کیاہے۔ سندھ حکومت کے محکمہ کالجز کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں طلبا کی میڈیکل اسکریننگ کی جائے گی۔میڈیکل اسکریننگ ابتدائی طور پر سندھ کے سرکاری کالجوں میں کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کالج ایجوکیشن میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ، متعلقہ ضلع کے ریجنل ڈائریکٹر اور متعلقہ کالج پرنسپل کمیٹی میں شامل ہیں۔ میڈیکل اسکریننگ ٹیم کسی بھی سرکاری کالج کا اچانک دورہ کرے گی۔ نوٹیفیکشن کے مطابق اسکریننگ ٹیم کالج میں کسی بھی طالب علم کا میڈیکل ٹیسٹ کر سکے گی۔ تعلیمی اداروں میں سیمینار، ورکشاپس بھی کرائے جائیں گے۔