سرکاری ہسپتالوں سے دوائیں بھی چوری ہوتی ہیں اور ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے جاتے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب

سرکاری ہسپتالوں سے دوائیں بھی چوری ہوتی ہیں اور ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے جاتے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہرروزایک نیا چیلنج ہوتا ہے، صحت کی بہترین سہولیات عوام کا حق ہے۔لاہور میں ہیلتھ کلینک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کلینک کے اجرا پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ  جب سے حلف اٹھایا ہے ہر روز ایک نیا چیلنج ہوتا ہے، سرکاری ہسپتالوں سے دوائیں بھی چوری ہوتی ہیں اور ٹیسٹ بھی باہر سے کرائے جاتے ہیں، اب کینسراورہیپاٹائٹس کی مفت ادویات گھروں میں فراہم کی جارہی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے آرہی ہوں، پنجاب کے سرحدی علاقوں پر دراندازی کا بہت بڑا خطرہ ہے جو ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہرہسپتال میں ہیلپ ڈیسک قائم کردیئےہیں، آبادی بڑھنے سے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے، ہسپتالوں میں انسولین کی دستیابی کویقینی بنایا ہے، ہسپتالوں میں شکایات کے ازالے کے لیے شکایات ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، موبائل ہیلتھ کلینکس موثرانداز میں کام کر رہے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں کی سکیورٹی بھی آؤٹ سورس کی جارہی ہے،ہسپتالوں کا بوجھ کم کرنے کیلئے موبائل یونٹس لارہے ہیں، امراض قلب کیلئے نیا ہسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی ہسپتال بنایا جائے گا، کارڈیالوجی ہسپتال چھوٹا مریض بہت زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین کے دورے پر گئی تو وہاں سب سے زیادہ طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کی، چین کا دورہ بہت مفید رہا، چین نے کینسر کا علاج نکالا ہے جس سے ٹیومر کو فریز کردیا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے پہلے دور میں ہسپتالوں میں مفت ادویات ملتی تھیں ، بہت جلد انسولین کی بھی مفت ہوم ڈیلیوری شروع کرا دی جائے گی ،ادویات نہ ملنے کی صورت میں مریض ہیلپ ڈیسک پر شکایات کرسکیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ اس ماہ1250بی ایچ یوزکی تزئین وآرائش کر دیں گے، پاکستان کےپہلےسرکاری کینسرہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، کوشش ہو گی کینسر کے علاج کیلئے چین سے معاونت لی جائے ، تبدیلی ایک دن میں نہیں آتی ، آہستہ آہستہ بہتری لا رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا سلسلہ جاری ہے، کوشش ہے چین سے کینسر کےعلاج کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان لائیں، ہسپتالوں میں ڈائلائسسز کی سہولتیں بڑھا رہے ہیں، ایئر ایمبولینس کے ذریعے اب تک50 مریضوں کومنتقل کیا گیا ، چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ کے ذریعے700سے زائد بچوں کا علاج ہو چکا ہے۔

-- مزید آگے پہنچایے --