وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملک میں انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام گروپس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں انسانی سمگلنگ کے خلاف کئے گئے اقدامات پر پیشرفت سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ انسانی سمگلرز کی املاک اور اثاثے ضبط کرنے کیلئے فوری قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم نے کہاکہ اس گھنائونے جرم میں ملوث تمام افراد کے خلاف مقدمہ چلانے کا عمل مزید موثر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وزارت قانون وانصاف سے مشاورت کے بعد مقدمے کے لئے ماہروکلاء کی خدمات حاصل کی جائیںگی۔شہبازشریف نے دفترخارجہ کو ہدایت کی کہ وہ بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ کرنے والے پاکستانیوں کے بارے میں متعلقہ ممالک سے رابطہ کرے اور پاکستان کو ان کی حوالگی کیلئے فوری اقدامات کرے۔
انہوں نے وزیراطلاعات ونشریات سے بھی کہا کہ وہ وزارت داخلہ کے تعاون سے عوام کو معلومات فراہم کرنے کی غرض سے ایک آگاہی مہم شروع کرے جن میں ان پر زور دیا جائے کہ وہ بیرون ملک روزگار کے حصول کیلئے صرف قانونی ذرائع استعمال کریں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں تکنیکی تربیتی اداروں کو فروغ دیا جائے تاکہ جدید تقاضوں کے مطابق بیرونی منڈی کے لئے ماہرین فراہم کئے جاسکیں۔انہوں نے بیرون ملک سفر کرنے والوں کی سکریننگ کا عمل مزید موثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔