پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے مذاکرات کے عمل پر سوال اٹھا دیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھاکہ جس حکومت کے پاس جائز مینڈیٹ ہی نہیں ہے اس سے کس بات کے مذاکرات ہورہے ہیں؟ ہم مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعا کریں گے مگر جہاں یہ معاملہ ہو وہاں دعا قبول نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ہمارے دوست ہیں مگر وہ تو مشرف کے وزیراعظم بننے کیلئے بھی تیار تھے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ نوازشریف نے ہمت کرکے شہباز شریف کو روکا تھا مگر اب نوازشریف بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں۔خیال رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دو دور ہوچکے ہیں اور ان کی سربراہی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کی۔