چینی کمپنی چینگ ڈو کے وفد کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات، 70 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری پر رضامند

چینی کمپنی چینگ ڈو کے وفد کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات، 70 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری پر رضامند

چینی کمپنی چینگ ڈو نے پنجاب میں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہرکردی جس کے تحت صوبائی حکومت کے تعاون سے ای ٹیکسی سروس سمیت متعدد منصوبوں پر کام کرے گی۔رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چینی کمپنی کے اعلی سطح وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں چینگ ڈو جنرل کوآرڈینیٹر برائے آئی سی ٹی اور ڈپٹی سی ای او ہواوے شامل تھے۔

ملاقات میں نوازشریف آئی ٹی سٹی میں ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، نوازشریف آئی ٹی سٹی میں چینی کمپنی کمپیوٹنگ سینٹر بھی قائم کرے گی۔حکومت پنجاب ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر قائم کرنے کے لیے ا راضی اور بلڈنگ فراہم کرے گی، ملاقات میں پاکستان میں پہلا ای کامرس پلیٹ فارم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔منصوبے کے تحت چینی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن ورلڈ وائڈ ٹریڈنگ کے لیے ٹریننگ بھی دے گی، لاہور میں چینی اشتراک کار سے اسمارٹ کنٹرو ل روم، اسمارٹ ٹریفک کنٹرول، اسمارٹ ٹرانسپورٹ، اسمارٹ سینی ٹیشن سینٹر قائم ہوگا۔

فیز ٹو میں نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے لیے اے آئی انڈسٹری سینٹر بھی قائم ہوگا، چینی حکومت پنجاب میں پلیٹ فارم سروس کیپسٹی بلڈنگ کے لئے بھی معاونت کرے گی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چین کے تعاون سے پنجاب کو سب سے بڑا آرٹیفشل انٹیلی جنس سینٹر بنانا چاہتے ہیں، پنجاب بہت جلد خطے میں آئی ٹی ہب بنے گا، اپنے بچوں کو آئی ٹی میں میں سب سے برتر دیکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا جہاں ان کی صدارت گوانگ ژو میں انویسٹمنٹ کانفرنس ہوئی تھی جس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نےچینی کمپنیوں کو پنجاب میں ون ونڈو آپریشن سے سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوکل پرسن مقرر کرنے، ورکنگ گروپ اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کو چینی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے لیے سازگار قرار دیا تھا، انہوں نے واضح کیا تھا کہ چینی کمپنیوں کے لیے پنجاب میں کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کا بہترین وقت ہے۔گول میزکانفرنس میں چین اورہانگ کانگ کی 60 ہزار سے زائد نمایاں کمپنیوں کے حکام نے شرکت کی تھی، چین کی نمایاں کمپنیوں کے نمائندوں نے اپنے اداروں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی تھی، مریم نوازنے چین کی ٹیکنالوجیز کمپنیوں کو آپریشن شروع کرنے کی دعوت دی تو چینی ٹیکنالوجی کمپنیز نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کااظہار کیا تھا۔

-- مزید آگے پہنچایے --