بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیراعظم ملنے والے 100 سے زائد تحائف کی فہرست عدالت میں پیش کردی گئی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہوئی، سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ اجمند نے کیس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی عدالت کے رو برو پیش ہوئے، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور فیصل چودھری بھی سماعت کے موقع پر عدالت میں موجود تھے۔
سماعت کے دوران کیبنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر بنیامین کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا، بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جزوی جرح کی جو آئندہ سماعت پر مکمل کی جائے گی،ا سی طرح آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر بھی گواہ پر جرح کریں گے۔
گواہ کی جانب سے توشہ خانہ 2 کیس کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو بطور وزیر اعظم ملنے والے 108تحائف کی فہرست عدالت پیش کر دی گئی، گواہ نے توشہ خانہ تحائف کے ریکارڈ سے متعلق 2رجسٹر اور پرائیویٹ اپریزر کا قانونی طریقہ کار بھی عدالت میں پیش کر دیا۔بعد ازاں عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 2 جنوری تک ملتوی کردی۔