رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کی ٹکر سے شہید کرنے والا ملزم 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل حکام کے حوالے

رینجرز اہلکاروں کو گاڑی کی ٹکر سے شہید کرنے والا ملزم 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل حکام کے حوالے

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گزشتہ ماہ احتجاج کے دوران گاڑی کی ٹکر کے نتیجے میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھانے کے کیس میں ملزم ہاشم عباسی کو ڈیوٹی جج جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس کی جانب سے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی۔جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ملزم کے خلاف تھانہ رمنا میں دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، خیال رہے کہ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا 26 نومبر کی رات اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر ایک گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں متعدد رینجرز اہلکار شہید اور زخمی ہوگئے، اس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج کو طلب کرلیا گیا تھا اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات دیے گئے تھے۔

سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ ’شرپسندوں‘ کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوئے جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر ’شرپسندوں‘ نے ڈیوٹی پر موجود رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی۔حادثے کے نتیجے میں 4 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا، احتجاج کے دوران مجموعی طور پر اس وقت تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے تھے جن میں متعدد شدید زخمی بتائے گئے تھے۔

-- مزید آگے پہنچایے --