وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے رپورٹ کیا کہ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شہباز شریف نے مسلم لیگ کے یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے قائد اعظم اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی جدو جہد کے نتیجے میں ایک آزاد وطن پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 118 سال پہلے مسلم لیگ کے قیام کے بعد مسلمانوں کے نئے اور آزاد وطن کی خواہش کو مہمیز ملی اور مسلسل جدوجہد سے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور آزاد وطن نصیب ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بانیان پاکستان کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے گزشتہ ساڑھے تین دہائیوں سے مصروف عمل ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کہ تاریخ گواہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد نواز شریف نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کرتے ہوئے عوامی فلاح کو ترجیح دی۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لیے مسلم لیگ (ن) نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کو ترجیح دی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پارٹی کارکنان اور سیاسی اکابرین کے شکر گزار ہیں، جن کے ساتھ کی بدولت پارٹی نے آمروں کے سامنے نعرہ حق بلند کیا،قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر پاکستان کے وسیع تر مفاد میں انتشار اور عوام کو تقسیم کرنے کی سیاست نہیں کی۔وزیراعظم نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی سازشیں ہوئیں، مگر اپنی سیاسی بصیرت اور عوام کی خاطر قربانی کے جذبے نے انہیں سر خرو کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ملک میں صنعت، زراعت اور معیشت کی ترقی ہوئی، مزید کہا کہ سفارتی سطح پر دوست ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے اور عام آدمی خوشحال ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج بھی مسلم لیگ (ن) عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنے قائد کی سر پرستی میں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مصروف عمل ہے، اللہ کے کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔