خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2025 کے لیے 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ 16 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 18 جنوری سے 2 فروری 2025 تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا۔
وکٹ کیپر بیٹر کومل خان ٹیم کی قیادت کریں گی جبکہ زوفشاں ایاز نائب کپتان ہوں گی۔
پاکستان اسکواڈ :
کومل خان (کپتان) ( لاہور) زوفشاں ایاز (نائب کپتان) (واہ کینٹ)، علیسہ مختیار (مظفر گڑھ) اریشہ انصاری (قصور) فاطمہ خان (لاہور) ہانیہ احمر (کراچی) ماہم انیس (اسلام آباد) ماہ نور زیب (مردان) میمونہ خالد (لاہور) مناہل (فیصل آباد) قرۃ العین (سیالکوٹ) راویل فرحان (لاہور) شہر بانو (لودھراں) طیبہ امداد (ایبٹ آباد) اور واصفہ حسین (کراچی) ۔
نان ٹریولنگ ریزرو۔
فضا فیاض (لاہور) لائبہ ناصر (لاہور) مناہل جاوید (لاہور) روزینہ اکرم (اسلام آباد) اور ثانیہ رشید (راولپنڈی)۔
پاکستانی ٹیم 31 دسمبر سے 9 جنوری تک کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں تربیتی کیمپ میں حصہ لے گی۔ ٹیم 10 جنوری کو دبئی کے راستے کراچی سے ملائیشیا روانہ ہوگی۔
ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق چار گروپس ہیں، ہر گروپ میں چار ٹیمیں شامل ہیں۔ پاکستان کو گروپ بی میں انگلینڈ، آئرلینڈ اور امریکہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 18 جنوری کو امریکا کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد 20 جنوری کو انگلینڈ سے مقابلہ ہوگا جبکہ پاکستان کا آخری گروپ میچ 22 جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف ہوگا۔
پاکستان کے تینوں میچ ملائیشیا کے شہر جوہور کے جے سی اے اوول میں کھیلے جائیں گے۔
گروپ مرحلے کے اختتام کے بعد ہر گروپ سے تین ٹیمیں سپر 6 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ گروپ اے اور ڈی اور بی اور سی کی سب سے نیچے کی ٹیمیں 24 جنوری کو آخری جگہ کے پلے آف میں مقابلہ کریں گی۔
سپر 6 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے والی 12 ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ گروپ 1 میں گروپ اے اور گروپ ڈی کی ٹاپ تین ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ گروپ 2 میں گروپ بی اور گروپ سی سے ہر ایک کی ٹاپ تین ٹیمیں ہوں گی۔
سپر 6 مرحلے میں ہر ٹیم اپنی جیت، پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ آگے بڑھائے گی جو سپر 6 کوالیفائنگ ٹیموں کے خلاف ہوں گے۔ سپر 6 مرحلے میں ہر ٹیم دو دو میچ کھیلے گی۔
سپر6 مرحلے کے دو گروپوں میں سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنلز 31 جنوری کو ہوں گے جب کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 2 فروری کو کوالالمپور میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کے میچز ۔
18 جنوری بمقابلہ امریکہ
20 جنوری ۔بمقابلہ انگلینڈ
22 جنوری۔ بمقابلہ آئرلینڈ