مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم معاملے پر فریقین کے درمیان معاہدے پر اتفاق رائے ہوگیا۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں کرم تنازع کے حل کیلئے جرگہ رات گئے تک جاری رہا، دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، صرف چند نکات پر ایک فریق نے مشاورت کیلئے 2 دن کا وقفہ مانگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے، جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد دو دن کا وقت دے دیا، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا، جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے۔صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا، خیبرپختونخوا حکومت ایک صدی سے زائد پرانے تنازع کے مستقل اور پائیدار حل کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور گرینڈ جرگے کی کوششوں سے تنازع حل ہونے کے قریب ہے، کمشنر کوہاٹ سمیت پوری انتظامیہ خلوصِ نیت کے ساتھ تنازع کے خاتمے اور مستقل امن کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے امدادی کارروائیوں کیلئے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے، ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہے۔