وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کو قبضہ مافیا کیخلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد میں نئے بننے والے سیکٹر سی 14 میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوگیا، سیکٹر سی 14 میں پلاٹس کی بکنگ 30 دسمبر تک جبکہ الاٹمنٹ کے لئے اوپن قرعہ اندازی 14 جنوری کو ہوگی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے نئے تعمیر ہونے والے سیکٹر سی 14 کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا ،وزیرداخلہ نے سی ڈی اے کو سیکٹر سی 14 کے ترقیاتی کام 15 فروری تک مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو سیکٹر سی 14 میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیکٹر سی 14 میں اوورسیز پاکستانیوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی، سیکٹر سی 14 میں پلاٹس حاصل کرنے کیلئے 30 دسمبر 2024 تک بکنگ کروائی جاسکتی ہے۔
محمد علی رندھاوا نے وفاقی وزیر داخلہ کو سیکٹر آئی 11 کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بھی بریف کیا اور بتایا کہ سیکٹر آئی 11 کے ترقیاتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اور جلد ہی قبضہ الاٹیوں کے حوالے کر دیا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سیکٹر سی 14 کو خصوصی طور پر اوورسیز پاکستانیوں اور مقامی رہائشیوں کیلئے پیش کیا جارہا ہے ،سیکٹر سی 14 اسلام آباد کی پرائم لوکیشن پر واقع ہے جسے بہترین و پُرسکون طرز زندگی کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر سیکٹر ڈویلپمنٹ ورک میں مزید تیزی لائے جائے، تمام زیر التوا سیکٹرز میں ترقیاتی کام مکمل کئے جائیں، ترقیاتی کاموں کی تکمیل کے بعد الاٹیز کو ان کے پلاٹس کا فوراً قبضہ دیا جائے۔وفاقی وزیر داخلہ نے سی ڈی اے حکام کو قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک کی اراضی پر قبضہ مافیا کے خلاف کوئی رعایت نہ برتی جائے ۔