سنچورین ٹیسٹ، پاکستان کی ٹیم 211 پر ڈھیر، جنوبی افریقہ کی بھی 82 پر 3 وکٹیں گر گئیں

سنچورین ٹیسٹ، پاکستان کی ٹیم 211 پر ڈھیر، جنوبی افریقہ کی بھی 82 پر 3 وکٹیں گر گئیں

پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 3 وکٹ پر 82 رنز بنا لیے، ایڈن مارکرم 47 اور ٹمبا باووما 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی، میزبان ٹیم کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 129 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔سنچورین کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں ٹرسٹن اسٹبس 9، ریان ریکلٹن 8 اور ٹونی ڈی زورزی 2 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جہاں ہوم ٹیم کے بولرز نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی بیٹرز کو بڑا ٹوٹل نہ بنانے دیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا جس کے بعد 14.1 اوورز میں 36 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔اگلے اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ 40 رنز پر گر گئی، اس مرتبہ صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ایک رن کے اضافے کے بعد 4 رنز بنانے والے بابر اعظم بھی پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقی بولرز نے پاکستانی بیٹرز کو وکٹ پر رکنے کا موقع نہ دیا اور چوتھی وکٹ 56 رنز پر لے لی، اس مرتبہ آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے۔ انہوں نے 14 رنز اسکور کیے۔تاہم پانچویں وکٹ پر کامران غلام اور محمد رضوان نے 81 رنز جوڑ کر جنوبی افریقی بولرز کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ کامران 54 رنز بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 137 رنز تک پہنچایا۔

کامران غلام کے آؤٹ ہوتے ہی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان صرف 5 رنز کے اضافے کے بعد 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر سلمان علی آغا اور عامر جمال نے مزاحمت دکھائی اور ساتویں وکٹ پر 53 گیندوں پر 47 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 189 تک پہنایا۔

تاہم اس مجموعے پر 28 رنز بنانے والے عامر جمال، 18 رنز بنانے والے سلمان علی آغا اور نسیم شاہ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔آخری وکٹ پر ٹیل اینڈرز خرم شہزاد اور محمد عباس بیٹنگ کر رہے ہیں جنہوں نے ٹوٹل کو 211 رنز تک پہنچایا۔ دونوں کے درمیان 22 رنز کی پارٹنر شپ بنی۔ خرم 11 رنز بناکر آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے جبکہ محمد عباس 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5، کوربن بوش نے 4 جبکہ مارکو یانسین نے ایک وکٹ لی۔

-- مزید آگے پہنچایے --