پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز مکمل ہوچکی ہے۔ کل سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ سنچورین میں 26 سے 30 دسمبر 2024 تک کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ کیپ ٹاؤن میں 3 سے 7 جنوری 2025 تک ہوگا۔
جنوبی افریقہ نے اب تک 470 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں جن میں سے 183 میں کامیابی حاصل کی، 161 میں شکست کا سامنا کیا، اور 126 میچز ڈرا ہوئے۔ اس کا کامیابی کا تناسب 53.19 فیصد ہے۔ اس کے مقابلے میں پاکستان نے 461 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، جن میں سے 150 میں کامیابی، 145 میں شکست اور 166 میچز ڈرا ہوئے۔ پاکستان کا کامیابی کا تناسب 50.84 فیصد ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان اب تک 28 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے جنوبی افریقہ نے 15 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ پاکستان کو صرف 6 میچز میں فتح نصیب ہوئی۔ باقی 7 میچز ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوئے۔ پروٹیز کی کامیابی کا تناسب 71.42 فیصد رہا ہے، جب کہ پاکستان کا 28.57 فیصد۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز 19 جنوری 1995 کو ہوا تھا جب جوہانسبرگ میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 324 رنز کے بھاری مارجن سے شکست ہوئی۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان 11 ٹیسٹ سیریز کھیلی جاچکی ہیں، جن میں سے جنوبی افریقہ نے 6 سیریز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان صرف 2 سیریز جیت سکا۔ باقی 3 سیریز برابر رہی۔
جنوبی افریقہ نے 6 مرتبہ پاکستان کی میز بانی کی، پہلی بار ایک ٹیسٹ میچ کے لیے، پھر چار بار تین ٹیسٹ اور ایک بار دو ٹیسٹ کی سیریز کے لیے۔ پاکستان میں جنوبی افریقہ نے صرف ایک بار تین ٹیسٹ کی اور تین بار دو ٹیسٹ کی سیریز کھیلی۔ جنوبی افریقہ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلی جانے والی تمام ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان میں کھیلی جانے والی چار سیریز میں دونوں ٹیموں نے برابر کیں۔
جنوبی افریقہ ایک مرتبہ دو ٹیسٹ کی اور دو بار تین ٹیسٹ کی سیریز میں پاکستان کو کلین سویپ کرچکا ہے، جب کہ پاکستان نے صرف ایک بار دو ٹیسٹ کی ہوم سیریز میں جنوبی افریقہ کو وائٹ واش کیا ہے۔
اس سیریز کا آغاز دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت کا حامل ہوگا، جہاں دونوں جانب سے جیت کی کوشش کی جائے گی، تاکہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔