انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آج آٹھ ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کی میزبانی پاکستان 19 فروری سے 10 مارچ تک کرے گا ۔ یہ میچز پاکستان کے تین مقامات راولپنڈی، کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ کم از کم چار میچز کی میزبانی دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کرے گا۔
کراچی کا نیشنل بینک اسٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تین تین گروپ میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ لاہور کا قذافی اسٹیڈیم کم از کم چار میچوں کی میزبانی کرے گا۔ تمام میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کا آغاز بدھ 19 فروری کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے گروپ اے کے میچ سے ہوگا۔ پاکستان کا دوسرا گروپ میچ اتوار 23 فروری کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف ہوگا۔ میزبان ٹیم اپنا تیسرا اور آخری گروپ میچ جمعرات 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گی۔
گروپ بی میں افغانستان، آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کو رکھا گیا ہے۔
ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی، پہلا سیمی فائنل منگل 4 مارچ کو دبئی میں شیڈول ہے۔ دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں سیمی فائنلز کو بھی ریزرو ڈے الاٹ کیے گئے ہیں۔
ایونٹ کا فائنل اتوار 9 مارچ کو شیڈول ہے جس کا مقام لاہور کا قذافی اسٹیڈیم یا دبئی کا دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم ہے جس کی تصدیق میچ کے قریب آنے پر ہوگی۔ 10 مارچ فائنل کے لیے ریزرو ڈے ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والا بیان:
ہمیں خوشی ہے کہ مساوات اور احترام کے اصولوں پر مبنی ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں تعاون اور اشتراک کے جذبے کو ظاہر کیا گیا ہے جو ہمارے کھیل کی تعریف کرتا ہے۔ہم آئی سی سی کے ممبران کا دلی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے باہمی طور پر فائدہ مند حل حاصل کرنے میں ہماری مدد کرنے میں تعمیری کردار ادا کیا۔ بین الاقوامی کرکٹ کے مفادات کے فروغ میں ان کی کاوشیں قابل قدر رہی ہیں۔
چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہےجو کرکٹ کو اعلیٰ سطح پر فروغ دینے اور ایک بڑے ایونٹ آرگنائزر کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ہمارے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے وقف ہیں کہ یہ ٹورنامنٹ کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے لیے ایک یادگار تجربہ ہو گا۔ پاکستان ، چیمپیئنز ٹرافی میں دنیا کو خوش آمدید کہنے کے لیے ُپرجوش ہے اور ہم اپنی روایتی مہمان نوازی کے منتظر ہیں۔
پاکستان کے وائٹ بال کپتان محمد رضوان کا کہنا ہے کہ کرکٹ سے محبت کرنے والے ملک کے طور پر ہم سب آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ حال ہی میں ون ڈے میں اللہ کی مدد سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے سے میگا ایونٹ کے لیے جوش و خروش اور ٹیم کی تیاری اور تعمیر میں اضافہ ہوا ہے اور ہم بے تابی سے اپنے ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنے اور آٹھ ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے منتظر ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ایک بہترین موقع ہے کیونکہ پاکستان 28 برسوں میں اپنے یہاں پہلے آئی سی سی ایونٹ کا خیرمقدم کرتا ہے اور خاص طور پر چونکہ ہم دفاعی چیمپئن ہیں۔ ہم اپنے مداحوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ ہمارا ملک اپنی شاندار مہمان نوازی کے لیے پہچانا جاتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ شائقین نہ صرف ہماری ٹیم کو سپورٹ کریں گے بلکہ دیگر ٹیموں کی کارکردگی کو بھی سراہیں گے۔
آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کا شیڈول (تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے )
19 فروری – پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی
20 فروری – بنگلہ دیش بمقابلہ بھارت دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دبئی
21 فروری – افغانستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی
22 فروری – آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
23 فروری – پاکستان بمقابلہ بھارت، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، دبئی
24 فروری – بنگلہ دیش بمقابلہ نیوزی لینڈ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
25 فروری – آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
26 فروری – افغانستان بمقابلہ انگلینڈ، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
27 فروری – پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی
28 فروری – افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا، قذافی اسٹیڈیم، لاہور
1 مارچ – جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، نیشنل بینک اسٹیڈیم، کراچی
2 مارچ – نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، دبئی
4 مارچ – سیمی فائنل 1، دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، دبئی*
5 مارچ – سیمی فائنل 2، قذافی اسٹیڈیم، لاہور**
9 مارچ – فائنل – قذافی اسٹیڈیم، لاہور***
* سیمی فائنل 1 میں بھارت شامل ہوگا اگر وہ کوالیفائی کرتا ہے۔
** سیمی فائنل 2 میں پاکستان شامل ہوگا اگر وہ کوالیفائی کرتا ہے۔
* اگر بھارت فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے تو یہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم، دبئی میں کھیلا جائے گا