سدرہ امین کی شاندار 77 رنز کی اننگز اور رامین شمیم کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت سٹارز ٹیم نے اتوار کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کانکرز ٹیم کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر قومی خواتین کے ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ 2024 کی ٹرافی جیت لی۔ اس کامیابی پر سٹارز کو 1.5 ملین روپے کی انعامی رقم بھی دی گئی۔ کانکر ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کر رہی تھیں، کانکر ٹیم کو رنرز اپ ہونے پر 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کانکر ٹیم نے 45 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ ان کی جانب سے حفصہ خالد نے 47 رنز بنائے، جنہوں نے 78 گیندوں پر 9 چوکے لگائے، جبکہ دعا مجید نے 40 رنز کی اہم اننگز کھیلی اور 66 گیندوں پر 3 چوکے لگائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں سائرہ جبین (32) اور ناجیہ علوی (23) نے بھی اہم شراکتیں دیں۔
سٹارز کی جانب سے فاسٹ بولر وحیدہ اختر نے 33 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ سپنرز رامین شمیم (2 وکٹیں، 38 رنز)، طوبیٰ حسن (2 وکٹیں، 42 رنز) اور نیلم مشتاق (1 وکٹ، 26 رنز) نے مل کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں، سٹارز نے ہدف 43.2 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان سدرہ امین نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ رامین شمیم نے 37 ناٹ آؤٹ کی اننگز کے ساتھ ان کی مدد کی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 103 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ طوبہ حسن نے 12 ناٹ آؤٹ رنز بنائے اور سٹارز کی جیت کو یقینی بنایا۔
میچ کے بعد سدرہ امین کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ ناقابل تسخیر عمائمہ سہیل کو ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جنہوں نے 253 رنز بنائے اور 13 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر انفرادی ایوارڈز میں منیبہ علی کو بہترین وکٹ کیپر اور عالیہ ریاض کو بہترین بلے باز قرار دیا گیا۔
اسکور:
کانکر: 178-9 (45 اوورز)
حفصہ خالد 47، دعا مجید 40، سائرہ جبین 32، ناجیہ علوی 23، فاطمہ ثنا 20
سٹارز کی جانب سے: وحیدہ اختر 3-33، رامین شمیم 2-38، طوبہ حسن 2-42
سٹارز: 179-5 (43.2 اوورز)
سدرہ امین 77، رامین شمیم 37*، صدف شمس 22
کانکر ٹیم کی جانب سے: نشرا سندھو 2-26