24 نومبر کے تحریک انصاف کے احتجاج میں رینجرز کا ایک اور زخمی اہلکار شہید ہو گیا۔ذرائع کے مطابق سر میں گولی لگنے سے زخمی رینجرز کا لانس نائیک تنویر احمد شہید ہوا، اہلکار تھانہ ترنول کے علاقے میں مظاہرین کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا۔لانس نائیک تنویر 3 ہفتوں سے سی ایم ایچ میں زیر علاج تھا، وفاقی پولیس نے رینجر اہلکار کی شہادت کی تصدیق کر دی۔
پولیس نے مقدمہ نمبر 933 انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کر رکھا ہے۔پاکستان رینجرز پنجاب کے لانس نائیک محمد تنویر کی عمر 37 سال تھی اور وہ ضلع نارووال کا رہنے والا تھا، لانس نائیک محمد تنویر شہید نے 17سال تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔
لانس نائیک محمد تنویر شہید کے سوگواران میں اہلیہ، 2 بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں، 25، 26 نومبر کواحتجاج کی آڑ میں پی ٹی آئی کارکنان نے پُرتشدد حملے کیے، پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری املاک پر حملے کیے اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔
پی ٹی آئی کے شرپسندوں کے حملوں سے رینجرز کے شہید اہلکاروں کی تعداد اب 4 ہو گئی جبکہ متعدد زخمی ہیں، اس کے علاوہ پنجاب پولیس کے دو اہلکار شہید جبکہ تقریباً 119 اہلکار زخمی ہوئے۔
پُرتشدد کارروائیوں کے باعث اسلام آباد پولیس کے 11 اہلکار شدید زخمی ہوئے، پُرتشدد واقعات اور توڑ پھوڑ کی متعدد ویڈیوز منظرعام پرآ چکی ہیں۔پی ٹی آئی کارکنان نے مختلف مقامات پر آگ بھی لگائی، پُرتشدد عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔