نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ میں صورتحال مزید ابتر ہوچکی ہے، لبنان اور شام میں جاری جارحیت تشویش ناک ہے، پاکستان فوری طور پر اور بلا مشروط طور پر جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔مصر کے درالحکومت میں 8 ترقی پذیر ممالک کی تنظیم (ڈی 8) کے وزرا کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں رکن ممالک کے ساتھ میری موجودگی اعزاز کی بات ہے، میزبانی کے لیے مصر کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مصر کی جانب سے شاندار میزبانی نے اقتصادی تعاون بڑھانے کے طریقہ کار پر بات چیت کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا ہے، ہم مصر کو ڈی 8 ممالک کے نئے سربراہ کے طور پر خوش آمدید کہتے ہیں، ترقی اور خوشحالی کے لیے ساتھ ملکر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پرامید ہوں کہ اجلاس سے تمام رکن ممالک مستحکم ہوں گے، بنگلادیش نے گزشتہ 3سال میں ڈی 8 کی عمدہ انداز میں سربراہی کی، بنگلادیش کی کوششوں سے رکن ممالک میں تعاون اور ترقی کو فروغ ملا۔
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ نے کہا کہ افسوس کے ساتھ غزہ کی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کو شہید کیا گیا ہے، لبنان اور شام میں جاری جارحیت تشویش ناک ہے، پاکستان فوری طور پر اور بلا مشروط طور پر جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ ڈی 8 وزرا کونسل اجلاس مشرق وسطیٰ میں انسانی بحران سے نمٹنے کے حل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک اہم فورم ہے، پاکستان ڈی 8 ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے اور تجارت کے لیے پرعزم ہے۔